گیانا ،15؍ نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہندوستان جمعرات کو یہاں آئر لینڈ کے خلاف ہونے والے آئی سی سی خواتین ورلڈ ٹی 20 کے گروپ بی لیگ میچ میں جیت کے مضبوط دعویدار کے طور پر اترے گا۔ ہندوستانی ٹیم اچھی فارم میں چل رہی ہے اور پہلے دو میچوں میں آسان جیت درج کر چکی ہے جس میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف دو دن پہلے حاصل کی گئی جیت بھی شامل ہے۔کپتان ہرمن پر یت کور نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں سنچری کے ساتھ ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز کیا اور اب اسی میدان پر ہندوستان کو آئر لینڈ سے مقابلہ کرنا ہے۔ دوسری طرف آئرلینڈ کو آسٹریلیا اور پاکستان دونوں کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ہندوستان آئر لینڈ کے خلاف میچ میں مضبوط دعویدار کے طور پر اترے گا لیکن ہرمن پریت کو معلوم ہے کہ ان کی ٹیم اس مقابلہ میں کسی ٹیم کو ہلکے میں نہیں لے سکتی۔نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کی اسٹار جہاں ہرمن پریت رہی وہیں پاکستان کے خلاف سات وکٹ کی جیت کے دوران ٹیم کی سب سے تجربہ کار کھلاڑی متالی راج نے نصف سنچری لگائی۔جیما نے اپنے ٹی 20 کیریئر کا آغاز شاندار نصف سنچری کے ساتھ کیا۔ اسمرتی مندھانا اور ویدا کرشن مورتی آئر لینڈ کے خلاف بڑی اننگز کھیلنا چاہیں گی۔